ملتان،01 ستمبر (اے پی پی):جنوبی پنجاب میں واقع چولستان میں ترقی کا عمل تیز کرنے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہےاور واٹر سپلائی کی نئی سکیموں اور سیاحت کے فروغ کے لئے منصوبے تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔یہ ہدایات سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ پنجاب نادر چٹھہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
سیکرٹری پی اینڈ ڈی پنجاب نادر چٹھہ نے ہدایت کی چولستان کی 700 کلومیٹر طویل واٹر سپلائی لائنوں کی بحالی کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے اور ضلع رحیم یار خان میں سوریاں کے مقام پر نئی واٹر سپلائی لائن کا پی سی ٹو تیار کیا جائے۔انہوں نے چولستان میں واٹر سپلائی کی 6 نئی سکیمیں تیار کرنے کی ہدایت کی اور عندیہ دیا کہ نئی واٹر سپلائی کے لئے فنڈز ماہ اکتوبر میں جاری کردیئے جائیں گے۔
نادر چٹھہ نے کہا کہ چولستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے منصوبے شروع کئے جائیں اور چولستان میں موجود گوپے اور ریسٹ ہاوسسز کو اپ گریڈ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں خالی آسامیاں کو پُر کیا جائے گا، نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی اور نئی گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے کہا کہ اتھارٹی کے ملازمین کی چولستان میں واقع کیمپ آفسز میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ افسران کی فیلڈ میں موجودگی سے چولستان میں ترقی کا عمل تیز ہوگا۔نادر چٹھہ نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چولستان پاکستان کا دوسرا بڑا صحرا ہے جس کا کل رقبہ 66لاکھ 50 ہزار ایکڑ اور لمبائی 480 کلومیٹر ہے اور آبادی3 لاکھ 20 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی جنوبی پنجاب طارق محمودبخاری،ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی راو ندیم اختر ،چیف آف سیکشن ملک فرید،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔