اسلام آباد، یکم ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا ہے کہ6 ستمبر ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہےاور پاکستانیوں کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں 6 ستمبر کے سلسلے میں ایک ہفتہ طویل ثقافتی سرگرمیوں کا باقاعدہ افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا،اس سلسلے میں سرسید میموریل میوزیم میں جنگی ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا آغاز ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت حمیرا احمد اور ڈویژن کے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں میں بچوں اور نوجوانوں کی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن اور اس سے منسلک محکموں نے ثقافتی سرگرمیوں اور تقریبات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد حب الوطنی اور شہداء کی قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہماری نوجوان نسل کے دلوں میں وطن کی محبت اور احترام کو ابھارنا ہے۔
جمال شاہ کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیوں میں لائیو پرفارمنس، سٹیج ڈرامے، پتلی تھیٹر، میوزیکل کنسرٹ، ثقافتی نمائشیں، سیمینار، ٹیبلوز وغیرہ شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان پاکستانیوں کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں نے ہمارے قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ثقافتی تقریبات کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے قومی نغمات کی میگا میوزیکل تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نامور گلوکار قومی گیت گائیں گے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر نے محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیم (DOAM) کی جانب سے اسلام آباد میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے گئے جنگی نمونوں کی خصوصی نمائش کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے نمائش میں گہری دلچسپی لی اور وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین میوزیم قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔