قائداعظم بزنس پارک میں دن رات کام کرکے ترقیاتی کاموں کومکمل کیا جائے، صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی ہدایت

44

لاہور، یکم ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں ترقیاتی کاموں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت میں سست روی پر برہمی اظہار کیا اور قائداعظم بزنس پارک میں ترقیاتی کاموں کی مقررہ مدت میں تکمیل کا پلان طلب کر لیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک میں دن رات کام کرکے ترقیاتی کاموں کومکمل کرنے کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں معیاری صنعتی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے ہی نئے کارخانے لگیں گے اس لیے انڈسٹریل اسٹیٹس کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں سست روی کسی صورت برداشت نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے مناسب حکمت عملی اور موثر مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ صنعتی مراکز کی سو فیصد کالونائزیشن چاہتے ہیں۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سینئر اکنامک ایڈوائزر،نیسپاک کے حکام اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔