بہاولنگر ؛ بنوں خود کش دھماکے میں شہید حوالدارآفتاب احمد بھٹی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

31

بہاولنگر،یکم ستمبر(اے پی پی ):بہاولنگر سے تعلق رکھنے والا ایک اور سپوت وطن عزیز پر قربان ہوگیا،بنوں جانی خیل خود کش حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے شہید حوالدار آفتاب احمد بھٹی کی نماز جنازہ آبائی گاؤں عبداللہ بھٹی میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں گریژن کمانڈر برگیڈیئر رضوان علی، دیگر سول و فوجی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی،جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی قبرستان لیجایا گیا، فوج کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی، شہید کو  مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

 گریژن کمانڈر بریگیڈیئر رضوان علی نے چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے پھولوں کے گلدستے قبر پر رکھے، اس موقع پر فضاء نعرہ تکبیر، پاکستان اور پاک فوج زندہ بادکے نعروں سے گونج اٹھی، شہید حوالدار آفتاب احمد نے سال 2001ء میں پاک آرمی کو جوائن کیا تھا، شہید کے پسماندگان میں دو بیٹے ،تین بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں۔