لاہور،2ستمبر (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ سے شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ، غازیوں اور ملازمین کے معذور بچوں نے ملاقات کی۔سربراہ لاہور پولیس نے شہدائے پولیس کے اہل خانہ کو بتایاکہ آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انورشہدا کے ورثا، غازیوں اورپولیس ملازمین کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں اور انہو ں نے شرکا سے درپیش مسائل بارے دریافت کیا،موقع پر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
سی سی پی او نے کہاکہ شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ، غازی اورخصوصی بچوں کے والدین کیلئے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ پولیس ملازمین کے معذور بچوں کا علاج بہترین طبی اداروں سے کروایا جارہا ہے۔ پولیس ملازمین کے معذور بچوں کوالیکٹرک ویل چیئرز، ہیئرنگ ڈیوائسزاور ماہانہ وظائف کی فراہمی سمیت بہترین علاج معالجہ بھی کروایا جا رہا ہے۔