اسلام آباد، 06 ستمبر(اے پی پی):گوادر ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کمانڈر حمزہ عابد کی نماز جنازہ ایچ 11 قبرستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے شرکت کی۔
شہید لیفٹیننٹ کمانڈر سید جواد علی شاہ کو کراچی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا جبکہ شہید ٹیکنیشن حسنین حیدر کی نماز جنازہ آبائی گاؤں ترکھان والا,ضلع چنیوٹ میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں اعلیٰ سول و عسکری حکام،شہداء کے عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔