نوشہرہ فیروز،08 ستمبر(اے پی پی ): ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) ریجنل انچارج شہید بینظیرآباد ڈاکٹر گل امیر سنبل نے سیپا نوشہرو فیروز کے ضلعی انچارج و اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسداللہ تنیو اور فہد حسین جمالی کے ہمراہ کنڈیارو، محرابپور، بھریا سٹی شہر اور آس پاس میں واقع کاٹن فیکٹریز کا دورہ کیا ہے۔
فیکٹریوں میں لگے فلٹر پلانٹ اور سائیکلون کا معائنہ کیا ،پلانٹ کی کارکردگی چیک کی اور مالکان کو تنبیہ کی گئی کہ مستقل بنیادوں پر اپنے سسٹم کو چلا کر مٹی اور کاٹن پف کو کنٹرول کیا جائے بصورت دیگر ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سیپا ٹیم نوشہرو فیروز نے بھریا، کنڈیارو ، ہالانی، کوٹڑی کبیر ، بہلانی اور محرابپور میں واقع کاٹن فیکٹریز کے دورے کے دوران فیکٹریز مالکان کو ہدایات دی گئی کہ فیکٹریز کو ماحولیاتی اصولوں پر محفوظ کرنے والے نظام کے تحت چلایا جائے اور جہاں پر جدید مشینری موجود نہیں تھی وہاں پر مالکان کو جلد سے جلد اپنے فیکٹری میں جدید مشینری پر محیط سسٹم لگانے کی سخت تنبیہ کی ۔
سیپا ریجنل انچارج ڈاکٹر گل امیر سنبل نے محرابپور ٹاون میں کچرے اور پانی کی نکاسی آب کے مسئلے کو ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت جاری کی اور عمل نہ کرنے پر ٹاون انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے حوالے سے نوٹس جاری کیا جائے گا۔











