بھکر،09ستمبر(اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدام اب گاؤں چمکیں گے پروگرام پر عملدرآمد کے جائزہ کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو سید ظفر حسن نقوی ،اسسٹنٹ کمشنرز ،لوکل گورنمنٹ کے افسران اور سیکرٹریز یونین کونسلز نے شرکت کی ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلع بھر کی یونین کونسلز میں جاری صفائی ستھرائی سمیت پروگرام میں شامل دیگر امور کے حوالہ سے کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یونین کونسلز کے سیکریٹری وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے فعال انداز میں اپنی زمہ داریاں مکمل کریں تمام ویلج کمیٹیاں اپنے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران سے قریبی رابطہ استوار رکھیں اور روزانہ بنیاد پر یونین کونسلز کےہر گاؤں میں جاری کلین آپریشن اور دیگر سونپے گئے ٹاسک مکمل کرکے پیکٹوریل ایویڈینس کے ہمراہ رپورٹ ڈی سی آفس کو ارسال کریں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ تمام سیکرٹری یونین کونسلز اپنے فرائض کامل ایمانداری کیساتھ سرانجام دیں اور فراہم کردہ تمام تر دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے چاروں تحصیلوں کے یونین کونسلوں کے سیکریٹریز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ناقص کارکردگی کے حامل سیکرٹری یونین کونسلز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنے فرائض منصبی کماحقہ طور پر ادا کریں بصورت دیگر ان سے سخت باز پرس کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ریونیو افسران اپنی متعلقہ تحصیل کے سیکریٹریز کو درکار تکنیکی معاونت کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ ضلع بھر کی یونین کونسلوں میں جاری کلین آپریشن بلاتعطل جاری رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ گاؤں گاؤں جائیں گے اور موقع پر کارکردگی کو مانیٹر کریں گے،سیکریٹری اپنی متعلقہ یونین کونسل کی تشکیل کردہ ویلج کمیٹی سے روزانہ بنیاد پر عوامی مسائل کے خاتمہ کیلئے مشاورت کا عمل جاری رکھیں مسائل کے حل میں کسی قسم کی دشواری کی صورت میں فوری متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسلز میں ویلج کمیٹیاں لائیو سٹاک کی سروسز ،صحت کی سہولیات کی دستیابی اور فصلوں کی باقیات جلانے جیسے اقدامات کی روک تھام کیلئے متحرک انداز میں اپنا کردار ادا کریں تمام نمبردار حضرات بھی بھرپور تعاون جاری رکھیں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کے حوالہ سے ضلع بھر میں بہترین کارکردگی کی حامل یونین کونسلز کی ویلج کمیٹیوں کے افراد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعریفی سرٹیفیکٹس اور نقد انعامات سے نوازا جائے گا ۔











