بھکر،12 ستمبر(اے پی پی):ڈی پی او محمد نوید کی سربراہی میں میثاق سینٹر کے حوالے سے دفتر پولیس بھکر میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، ڈی پی او نے سیمینار میں بین المذاہب اور مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے شرکاء سےخطاب کیا اور میثاق سینٹرز کے بارے میں آگاہی فراہم کی اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مہمانوں سے مسائل دریافت کیے۔
سیمینار سے خطاب میں ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ ریاست پاکستان ایک گلدستہ ہےاس میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ پھول ہیں، میثاق سینٹرز اقلیتی افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی کا بہترین فورم ہیں،اقلیتی کمیونٹی کے تہواروں پر سکیورٹی روز افزوں رہے گی اور مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔انہوں نے محبت ،اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہوئے حقو ق العباد اور حقوق اللہ کا فرق واضح کرتے ہوئے حقوق العباد کی بھرپور ادائیگی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ اس کے پھول ہیں جو کہ اس گلدستے کو رنگین اور خوبصورت بناتے ہیں ہم سب نے مل کر اس گلدستے کی آبیاری اس طور پر کرنی ہے کہ کبھی بھی اس کا کوئی رنگ پھیکا نہ پڑے۔
ڈی پی او محمد نوید نے اس موقع پر اقلیتی کمیونٹی کو بتایا کہ میثاق سینٹرز اقلیتی افراد کے لیے سہولت کا ایک بہترین فورم ہے جہاں پر آپ کو پولیس خدمت سینٹرز کی سطح کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اوربھکر پولیس کی جانب سے اس احسن اقدام کے اغراض و مقاصد اور اس میں دی جانے والی سہولیات پر مفصل روشنی ڈالی۔
ڈی پی او محمد نوید نے کہا کہ اقلیتی کمیونٹی کوپاکستان کا قانون اور آئین مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے، قبل ازیں بھی اقلیتی کمیونٹی کےتہواروں پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات فراہم کیے جاتے ہیں اور یہ روز افزوں رہیں گے۔
انہوں نے سیمینار میں شریک افراد سے ان کے مسائل بھی دریافت کیے۔ سیمینار میں عیسائی اور مسلمان کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔