پاکستان اور سری لنکا زندگی کے تمام شعبوں میں خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں؛ نگراں وفاقی وزیر سید جمال شاہ

20

 

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے سری لنکا کے ساتھ ثقافتی اور ادبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

  انہوں نے یہ بات یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں چندنا وکرماسینگے اور ڈانسر گلڈ پر مشتمل سری لنکن ثقافتی گروپ کی لائیو پرفارمنس کے دوران کہی۔  ثقافتی شو کا اہتمام نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن، پی این سی اے، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی نے مشترکہ طور پر قونصلیٹ جنرل آف سری لنکا کراچی کے تعاون سے کیا تھا۔اس موقع پر چارج ڈی افیئر آگسٹین کرسٹی روبن اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن سری لنکا ہائی کمیشن یو ایل نیاس اور کراچی میں سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ابی ورنا  اور ڈی جی پی این سی اے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    وفاقی وزیر جمال شاہ نے  فنکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا زندگی کے تمام شعبوں میں خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں جو باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان سری لنکا تعلقات مشترکہ ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں کیونکہ پاکستان ٹیکسلا میں بدھ مت کے ورثے میں قدیم آثار اور فن تعمیر کی میزبانی کرتا ہے۔

چندنا وکرماسینگے اور ڈانسرز گلڈ آف سری لنکا کے ایک ڈانس گروپ نے شو میں روایتی، لوک، تخلیقی اور جدید رقص کے ساتھ سامعین کو محظوظ کیا۔  چندنا ایک مشہور ڈانسر اور ڈانسر گلڈ کی بانی ہیں، جنہوں نے شاندار کوریوگرافی، تال، انداز اور کردار کے لیے بہت سے مقامی اور بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔

  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے   کراچی میں سری لنکا کے قونصل جنرل جگتھ ابی ورنا نے کہا کہ گلڈ ثقافت اور عصری موسیقی کو ملا کر روایتی اور فیوژن ڈانس کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔