اسلام آباد، 19 ستمبر (اے پی پی): نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے ملک میں علاقائی ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے ایک ہیریٹیج چینل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
وہ منگل کو یہاں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز میں ‘ہم جگنو تارے دھرتی کے’ کے عنوان سے دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔جمال شاہ نے کہا کہ یہ چینل ملک بھر کے بچوں کو پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کو سیکھنے اور اس کی تعریف کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا، اس سے مختلف نسلی اور لسانی گروہوں کے درمیان اتحاد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔
کانفرنس کا آغاز ایک کٹھ پتلی شو سے ہوا جس میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی نظموں، لوریوں اور روایتی گانوں کا مظاہرہ کیا گیا۔