ڈیرہ غازی خان، 22 ستمبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے جنوبی پنجاب احمد نائیک نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کر کے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مفاد عامہ کے پیش نظر ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرایا جائے اور کام کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک سکیموں کے لیے متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے اور کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے۔ایڈیشنل سیکرٹری نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں زیر تعمیر او پی ڈی،مدر اینڈ چائلڈ کیئر سینٹر اور مانیکہ کینال پر زیرتعمیر پلوں پر ورکنگ کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے تعمیراتی کام اور استعمال کئے گئے میٹریل کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کے ہمراہ علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر سمیت دیگر وارڈز میں مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر انہیں ترقیاتی کاموں اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے بریفننگ بھی دی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل محمداسد چانڈیہ،پولیٹیکل اسسٹنٹ مشتاق احمد ٹوانہ،اسسٹنٹ کمشنرز عثمان غنی،زاہد اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیرمسلم،ایکسیئنز شعیب فیاض،آصف باجوہ،سی ای او ایجوکیشن عبدالرحمن،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذوالقرنین حیدر،طاہر نقاش سمیت دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔