پشاور، 22ستمبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنے پر قصاب کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا ہے ۔
سیکرٹری محکمہ خوراک ظریف المعانی اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کو اطلاع ملی کہ چرگانوں چوک میں بچھڑوں کو ذبح کر کے اس کے گوشت کو چھوٹے گوشت کے نام پر بیچا جا رہا ہے جس پر انہوں نے راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کو کارروائی کی ہدایت کی جن کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے چرگانوں چوک میں مذکورہ قصاب کی دکان پر چھاپہ مارا اور بچھڑوں کو قبضے میں لے کر قصاب کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔
محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ دکاندار ایک اور دو دن کے بچھڑوں کو ذبح کر کے انکے گوشت کو شہر بھر میں سپلائی کرتا تھا۔
قبل ازیں محکمہ خوراک کے افسران نے شمالی مارکیٹ میں قائم خیبر مارٹ اور کرنل شیر خان مارکیٹ میں قائم اے ڈی سپر سٹور میں 160 روپے فی کلو کے بجائے 180 سے 190 روپے تک فی کلو چینی فروخت کیے جانے اور پیزا کنگ میں ایکسپائر اشیاءاور ناقص صفائی پر مالکان کو گرفتار کیا۔اسی طرح دلہ زاک روڈ پر 11 گرانفروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں سبزی و پھل فروش، دودھ و دہی فروش، نانبائی اور دیگر شامل ہیں۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائیں اور شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔