چنیوٹ،23 ستمبر (اے پی پی ):قدیمی قبرستان سمیت شہر کے تمام چھوٹے بڑے قبرستانوں میں صفائی کا عمل جاری، جھاڑیوں سمیت تعفن کا سبب بننے والاکچرا اٹھایا جا رہا ہے ۔
اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد کوہلی نےقبرستانوں کےاندر غیر ضروری جھاڑیوں اور تعفن کا سبب بننے والے کچرے کو اٹھانے کے حوالے سے مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔جھنگ روڈ جناز گاہ قدیمی و مرکزی قبرستان سے جمع شدہ کچرا اٹھایا جانے لگا جبکہ قبرستان کے نماز جنازہ گراؤنڈ میں بھی خاکروبوں کی جانب سے صفائی ستھرائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد کوہلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی ہدایت پرشہر کے تمام چھوٹے بڑے قبرستانوں سے غیر ضروری جھاڑیوں اور گھاس پھوس کو ختم کیا جا رہا ہے جبکہ بارشوں کے باعث منہدم ہونے والی قبروں کے گرد مٹی ڈلوائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کی قبروں اور قبرستان کی صفائی کرنے والے شہریوں سے بھی درخواست کی ہے کہ کچرا قبرستانوں میں جمع کرنے کی بجائے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے قبرستانوں کے اندر متعین کردہ ویسٹ پوائنٹس پر ڈالیں تاکہ جنازہ لیکر تدفین کے لیے آنے والے شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ظفر عباس، سینٹری انسپکٹر مہر عزیز عملہ صفائی کے ہمراہ موجود تھے۔