بھکر،26 ستمبر(اے پی پی): ضلع بھر میں رواں ماہ کے دوران اب تک خود ساختہ مہنگائی،اوورچارجنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں مجموعی طور 18821 انسپکشنز کی گئی جس کے دوران 1360000 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں اور 29 ایف آئی آرز کا اندراج کیا جاچکا ہے جبکہ متعدد بار خلاف ورزی کرنیوالے 141 افراد کو گرفتار کیاگیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام الناس کو اشیائے خوردوونوش کی سرکاری نرخوں میں دستیابی کا عمل یقینی بنانے کیلئے فعال انداز میں کارروائیاں جاری رکھیں، مصنوعی مہنگائی،اوور چارجنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز رفتار بنائیں تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہاکہ کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے افراد کیساتھ ہرگز رعایت نہ برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں اپنے قائم کردہ شکایات سیل پر لوگوں کو فوری ریلیف مہیا کریں اور انکی شکایات کا موقع پر ازالہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دکانوں میں سرکاری نرخناموں کو نمایا ں جگہ پر آویزاں کروائیں تاکہ صارفین سرکاری نرخوں سے آگاہ رہیں۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو خصوصی تاکید کی کہ فرٹیلائزر شاپس،چکن اور چینی کی سرکاری نرخوں میں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔











