لاہور،28 ستمبر(اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے اہم جائزہ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز،سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ میں بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں1281 محافل اور 2510 ریلیوں و جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 46 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے ۔
آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عید میلادالنبیﷺ کی محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع میں سی سی ٹی وی کیمروں سے حساس ریلیوں، جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کی جائے اور جشن عید میلاد النبیﷺ کی ریلیوں کی صورت میں شاہرات پر ٹریفک روانی کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کئے جائیں ۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ سکیورٹی انتظامات کے دوران ضلعی پولیس ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں اور مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں ۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی اجلاس میں موجود تھے۔