کوئٹہ،28 ستمبر (اے پی پی):آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کوئٹہ ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ ایف ایم ریڈیو 88.6 سے عوام کوٹریفک متبادل راستوں کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگا ہ رکھنے کیلئے براہ راست نشریات سے صبح 6بجے سے رات 10بجے تک عوام کے لیے معلوماتی پروگرام نشر کئے جائیں گے ۔
اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کے عوام سے رابطے کے لیے ایف ایم ریڈیو اسٹیشن شروع کرنا ایک بہترین اقدام ہے، ریڈیو عوام کی حفاظت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور حادثات کو کم کرنے کا یہ ایک تخلیقی اور موثر طریقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف ایم ریڈیو کی نشریات حادثات سے بچائو، موسم سے متعلق ایڈوائزری ، کیریج ویز پر ٹریفک کے بہائواور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے ایک بہترین قدم ہے ،یہ نہ صرف شاہراہوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ہے بلکہ عوام میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے اور رویوں میں تبدیلی لانے کیلئے اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر ، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی سلمان چوہدری ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر قمرالحسن ، ڈی آئی جی ہائی وے علی شیر جکرانی ، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن محمد سلیم لہڑی ، اے آئی جی اسٹیبلیشمنٹ علی شیر ، اے آئی جی جنرل فہاد خان ، اے آئی جی ڈویلپمنٹ احمد سلطان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔