ڈیرہ غازی خان؛ پنجاب فوڈاتھارٹی کی کارروائیاں،ناقص خوراک پر متعدد فوڈ یونٹس کو جرمانے

33

ڈیرہ غازی خان،30ستمبر(اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی کی کارروائیاں جاری، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز میں متعدد فوڈ یونٹس کی چیکنگ،معیار بہتر نہ ہونے پر کریانہ سٹورز،ملک شاپس اور بیکریوں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔

ترجمان فوڈاتھارٹی جنوبی پنجاب کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے جی ٹی روڈ کوٹ ادو مظفرگڑھ میں ہوٹل کو کھانوں کی تیاری میں ملاوٹی مصالحوں کا استعمال کرنے جبکہ خان گڑھ بائی پاس روڈ مظفرگڑھ میں گرائینڈنگ یونٹ کو نمک کی تیاری میں آئیوڈین کی مقدار کم ہونے پر 10،10 ہزارروپے کے جرمانے عائد کر دیے گئے۔اسی طرح جام پور،کھوسہ کالونی راجن پور میں 3 بیکریوں کو خوراک کی تیاری میں ممنوعہ چائنہ سالٹ کا استعمال،کھانے پینے کی اشیاء زمین پر سٹور کرنے پر 27 ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اس کے علاوہ کوٹ سلطان لیہ میں بیکری یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ناقابلِ سراغ رنگ کا استعمال کرنے پر 20 ہزار اور ملک کولیکشن سنٹر کو دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کرنے،ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس نہ ہونے پر 15 ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

چوک حمزہ ٹاؤن شاداب کالونی بہاولپور میں بیورجز پلانٹ کو معروف برانڈز کے ڈھکن استعمال کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا گیا۔اس طرح میانوالی روڈ مین بازار،ریلوے روڈ رحیم یار خان میں 2 کریانہ سٹورز کو ایکسپائرڈ اشیاء کی فروخت کرنے پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے۔