ڈی جی خان؛ڈپٹی کمشنر نے ٹیچنگ ہسپتال کے پیڈزوارڈ میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا

11

ڈیرہ غازی خان ،یکم اکتوبر(اے پی پی ): ڈی جی خان میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ٹیچنگ ہسپتال کے پیڈز وارڈ میں مہم کاافتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے اور انکی فنگر مارکنگ بھی کی،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کوپولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں 2354 موبائل،67 ٹرانزٹ ٹیمیں اور 112فکسڈ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، مہم کے دوران89 یو سی ایم اوز،471ایریا انچارج فرائض انجام دینگے۔

انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو کے دو قطرے لازمی پلوائیں اور ضلع کے سرحدی علاقوں میں بھی انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔ڈی سی نے کہا کہ دوسرے شہروں سے یہاں آنے والے بچوں کو بھی حفاظتی قطرے پلانے کیلئے ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے،ضلعی انتظامیہ،ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور تمام الائیڈمحکمے قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں انسداد پولیو مہم 2سے6 ا کتوبر تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسدچانڈیہ،اے سی عثمان غنی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرادریس لغاری،فوکل پرسن ڈاکٹر علی ہاشم،یونیسف،ڈبلیو ایچ او کے نمائندے اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔