اوکاڑہ؛12 ربیع الاول کے موقع پر مساجد، عمارات کی سجاوٹ اور شہر کی خوبصورتی پر تقریب تقسیم ایوارڈز کا انعقاد

5

اوکاڑہ،01اکتوبر(اے پی پی ):نیو مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن ہال میں   12 ربیع الاول کے موقع پرخوبصورت پہاڑیاں بنانے، شہر، گلی محلوں کو خوبصورتی سے سجانے والے شہریوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔

23 ویں سالانہ تقسیم ایوارڈز تقریب میں مہمانِ گرامی صاحبزادہ محمد فضل الرحمن اوکاڑوی، مہمان خصوصی الحاج چوہری نزیر احمد نقشبندی تھے۔ تقریب کی سرپرستی قاضی محمد اسلم اوکاڑوی نے کی۔

 تقریب کے  شرکاء  مہمانان میں مسلم لیگ ن کے  ضلعی صدر میاں محمد منیر،سابق ایم پی اے چوہدری منیب الحق اور چوہدری فیاض ظفر تھے۔تقریب میں ماضی کی روایات  کے مطابق 12 ربیع الاول کے موقع پر خوبصورت پہاڑیاں بنانے، شہر، گلی محلوں کو خوبصورتی سے سجانے والے شہریوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر مقامی پولیس ملازمین کو بھی ایوارڈز دئیے گئے۔سال رواں میں بہترین کارکردگی کے حامل جرنلسٹ کو بھی ایوارڈز دئیے گئے ۔

تقریب کے منتظم چوہدری سلطان محمود گجر نے کہا کہ ہم گذشتہ 22 سال سے یہ تقریب  منعقد کررہے ہیں جسکا مقصد ایسے نوجوانوں کی مزید حوصلہ افزائی کرنا ہے جو ربیع الاول کے موقع پر بہترین چراغاں کرکے شہر کی خوبصورتی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب میں موجود علماء کرام نے سیرت طیبہﷺ اور اسوہ حسنہﷺ پر روشنی ڈالی گئی ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔