نوشہرہ ورکاں؛چارمسلح ڈاکوﺅں کی سنگین وارداتیں،نقدی ودیگر قیمتی سامان لوٹ لیا ، ایک شہری جاں بحق

91

نوشہرہ ورکاں،14 اکتوبر( اے پی پی ): نوشہرہ ورکاں کڑیال خورد کے قریب رات سوا ایک بجے کے قریب جدید اسلحہ سے مسلح چار نقاب پوش موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے روڈ پر چلتے چاول کا بھوسہ لدے ٹرالے اور مخالف سمت آئے ڈمپر کو روک کر روڈ بلاک کیا اور وہاں سے گزرنے والے راہگیروں ،بارات والی گاڑی سے طلائی زیورات اور نقدی مالیت تین لاکھ 59 ہزار ، پانچ موبائل فونز مالیت تین لاکھ 90 ہزار،حاضر سروس آرمی ملازم محمد رمضان سے 20 ہزار نقدی ، موضع دوھٹہ کے رہائشی مرتضیٰ، مبشر وغیرہ سے چار قیمتی رائفلیں مالیت چھ لاکھ چھین لیں جبکہ اس دوران نوشہرہ ورکاں سے ٹینگو پوائنٹ سے کڑیال کلاں موٹر سائیکل پر جاتے دو کزنوں بلال گجر، اور بہرام علی گجر کو ڈاکووں نے ناکہ کے دوران روکنے کی ناکام کوشش پر رائفل بٹ مارے جو بوکھلاہٹ میں تیز رفتار حالت میں ٹرالر کے نیچے دھنس کر شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے شیخوپورہ منتقل کیا گیا جہاں بلال گجر جاں بحق ہو گیا اور بہرام علی کو لاہور جنرل ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ہے جس کی حالت تشویش ناک بیان کی گئی ہے ۔

کڑیال خورد کے قریب ہونے والی ڈکیتی کی سنگین واردات اور ایک بچے کی باپ نوجوان بلال احمد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پا کر گوجرانوالہ سے ضلعی افسران اور ڈی ایس پی سرکل محمد نواز ورک ،ایس ایچ او عمران نسیم بٹ موقع پر پہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور چار نا معلوم ملزمان کے خلاف مقتول کے کزن عبد الرحمان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دی گئی ہے۔