نوشہرہ ورکاں،17اکتوبر(اے پی پی):سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی قلعہ دیدار سنگھ و مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ محمد یعقوب بہلولیہ کےقتل کے مرکزی ملزم عاطف گجر عرف عاطو کو تھانہ قلعہ دیدار سنگھ پولیس نے 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم نے جمعے کی شام انکے ڈیرہ میں داخل ہو کر پستول کے متعدد فائر کر کے شدید زخمی کر دیا تھا اور وہ دوران علاج ہسپتال میں جاں بحق ہو گئے تھے،شیخ محمد یعقوب بہلولیہ کا قتل قلعہ دیدار سنگھ میں ایک سانحہ کی صورت دیکھا گیا اور مسلم لیگ ن کی مرکزی و صوبائی قیادت نے سر جوڑ کر ملزم کی گرفتاری کو ایک چیلنج قرار دیا تھا اور آئی جی پنجاب کے حکم پر ملزم کی گرفتاری کے لیے گوجرانوالہ پولیس کی متعدد ٹیمیں تشکیل دیں گئیں تھیں جس میں حساس اداروں کا تعاون بھی ساتھ رہا۔
شیخ محمد یعقوب بہلولیہ قلعہ دیدار سنگھ کے عوام کے لیے ایک مسیحائی کردار بن چکے تھے اور انکی اچانک موت پر صدمے اور احتجاج کی صورت پورا شہر و تجارتی مراکز بند رہے اور پسماندہ فیملیز کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کے لیے عوام کا تانتا بندھا ہوا ہے۔











