ملتان، 20 اکتوبر (اے پی پی ): فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر شرکاء نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی بربریت کی زوردار انداز میں مذمت کی اور عالمی برادری سے ان ظالمانہ کارروائیوں کو رکوانے کا مطالبہ کیا۔ شرکاء نے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری جنگ بندی اور آزاد فلسطین ریاست کے قیام کے حوالے سے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے طلبہ کی جانب سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تمام ثقافتی سرگرمیوں کو معطل کرنے کے اقدام کا خیر مقدم بھی کیا۔
اس موقع پر ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان ، پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے دیگر سینئر فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











