ڈی جی خان؛میونسپل کارپوریشن میں غیر قانونی تعمیرات اور نادہندگان سے وصولی کا عمل تیز کردیا گیا

25

ڈیرہ غازی خان،20 اکتوبر( اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی تعمیرات اور نادہندگان سے وصولی کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نادہندگان کی گرفتاریوں کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک اور دیگر افسران موجود تھے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہاکہ سربمہر کئے گئے کاروباری مراکز کی سیلیں توڑنے پر قانونی کارروائی مکمل کی جائے اور سیلیں توڑنے پر ہر بار مقدمات ،گرفتاریوں کے ساتھ عمارتیں پھر سیل کردی جائیں۔کمشنر نے کہا کہ عدالت میں کیسز کی بھی بھرپور پیروی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نادہندگان سے ملی بھگت پر میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین بھی گرفتار ہوں گے اور بد عنوان ملازمین کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائی ہوگی۔

کمشنر نے کہا کہ مرحلہ وار ہر نادہندہ کے خلاف کارروائی ہوگی اورسرکاری واجبات کی وصولی کےلئے جائیداد قرق،مسمار کردی جائیں گی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کریم بخش،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز رضوان نذیر ،اسد چانڈیہ ، اے سی صدر عثمان غنی،محکمہ کے لیگل ایڈوائزر اور دیگر موجود تھے۔