ڈی جی خان؛آر پی او اور کمشنر کی زیر صدارت سکیورٹی سمیت دیگرمسائل کے فوری حل کیلئے اجلاس کا انعقاد

40

ڈیرہ غازی خان،20 اکتوبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت سکیورٹی سمیت دیگر مسائل کے فوری حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ، لیہ، راجن پور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنرز سمیت سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی اقدامات ،تھریٹ الرٹس اور پیش آمدہ چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اس موقع پر آر پی او نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو ریجن بھر میں اہم تنصیبات ، حساس مقامات اور پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے، تمام داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی کرنے اور حساس مقامات کے سکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لینے کے احکامات جاری کیے۔

 اجلاس کے دوران آر پی او نے ضلعی سربراہان کو حکومت کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی اور پروف آف رجسٹریشن کے حامل افغان مہاجرین کی مکمل تفصیلات اور لسٹیں مرتب کرنے اور غیر ملکی شہریوں کی نقل و حمل پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر سے 18 اکتوبر تک 738950 لیٹر ڈیزل و پٹرول تحویل میں لے کر 164 گاڑیوں کو بند کیا گیا اور اس میں ملوث 114 افراد گرفتار بھی کیا گیا۔