ملتان؛ہکلاہٹ کے عالمی دن کے موقع پر سماجی تنظیم کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار کا انعقاد

18

 

ملتان،22 اکتوبر( اے پی پی ): ہکلاہٹ کے عالمی دن کے موقع پر سماجی فلاحی تنظیم اینلائیٹڈ ملتان کے زیراہتمام آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا ،جس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے بانی و ڈائریکٹر محمود گروپ خواجہ عبدالحق نے ہکلاہٹ کے بارے میں اپنے ذاتی تجربہ کو شیئر کیا اور کہا کہ علاج سے پہلے ہکلاہٹ کے شکار ہونے کا اعتراف کرنا ہو گا،،اس پر قابو پانے کیلئے والدین، عزیزواقارب اور معاشرتی رویوں کا انتہائی اہم کردار ہے ہکلاہٹ کی نقل اتارنے سے گریز کرنا چاہیے بلکہ ہکلاہٹ کے شکار افراد کو اس پر قابو پانے میں مددگار رویہ اپنانا چاہیئے۔

چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹرکنول قیصر نے ہکلاہٹ کے پیدائشی عوامل کا ذکر کیا اور کہا کہ عموماً اس مرض کو والدین کی انسانی لغزش کی سزا یا آسیب کا اثر بھی قرار دیا جاتا ہے باقاعدہ طبی معائنہ اور علاج معالجہ کی بجائے معاشرتی میں رائج دیگر غیر روایتی طریقہ سے علاج کی کوشش کی جاتی ہے۔

 سوشل ریفارمرڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ گھریلو لڑاائی جھگڑے بھی ہکلاہٹ کے شکار افراد پر نفسیاتی دباوکا باعث بنتے ہی۔ ہکلاہٹ پر قابو پانے کیلئے معاشرتی رویہ انتہائی اہم ہے۔ سکول میں کلاس فیلوز کو مذاق اڑانا خطرناک ہے ، والدین ، بہن بھائیوں کو ہکلاہٹ کے شکار بچہ کی بیماری سے سمجھوتہ کر لینے کی بجائے اس بیماری سے نجات کیلئے نفسیاتی طور پر بچہ کیلئے معاون مددگار بننا چاہئے۔

لیڈر شپ کوچ جبران ناصر نے کہا کہ ہکلاہٹ کے شکار اہم شخصیات میں امریکی صدر جو بائیڈن بھی شامل ہیں ان افراد کے شخصی کارنامے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہکلانا کو کمزوری بنائے بغیر معاشرہ میں منفرد مقام بنایا جا سکتا ہے۔

مقامی مارکی میں منعقدہ سیمینار کے اختتامی سیشن میں شرکاءکو سولات کے ذریعے ہکلاہٹ بارے اپنے تاثرات کے اظہار کا موقع بھی دیا گیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد فرحان نے انجام دیئے۔