بے گناہ مزدوروں کا قتل کا واقعہ ہم سب کیلئے تشویش کا باعث ہے؛نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی

31

 

کوئٹہ، 23 اکتوبر (اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بے گناہ مزردوں کا قتل افسوسناک واقعہ ہے جو ہم سب کے لئے تشویش کا باعث ہے، ہمیں اس واقعہ کے محرکات ، ملوث عناصر اور ان کے معاونت کاروں تک پہنچ کر ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ہوگا، پولیس اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی پلان پر نظر ثانی کرکے اسے مزید  بہتر بنائیں اور مستقبل میں ایسے کسی بھی ناشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  کمشنر آفس تربت میں امن و امان اور تربت واقعہ کی تحقیقات میں پیش رفت سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،جس میں نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی اورمتعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو تربت واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے  بحالی امن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ تربت اور گرد و نواح میں بیرون شہر سے آئے تمام مزدوروں کی پروفائلنگ کی جاررہی ہے اور اس ضمن میں تمام نجی اور سرکاری تعمیراتی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تربت میں مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی تمام پہلوؤں سے مشترکہ تحقیقات باریک بینی سے جاری ہیں جس میں غیر معمولی پیش رفت سامنے آئی ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ  علاقے میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کی پروفائلنگ کا کام نہ صرف جلد مکمل کیا جائے بلکہ اس کو مستقل اپ ڈیٹ رکھا جائے ،علاقے میں حسب ضرورت پولیس اور لیویز کی نفری تعینات کی جائے اور ان  فورسز کی پیشہ وارانہ استعداد کار کو بڑھایا جائے تاکہ بحالی امن کو یقینی بنایا جاسکے ۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی جرائم پیشہ عناصر سے نمٹنے کیلئے سنیپ چیکنگ کو بہتر بنایا جائے اور صورتحال کی نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کرکے مستقل مانیٹرنگ کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبے کسی بھی طور متاثر نہیں ہونے چاہئیں  ۔انہوں نے کہا کہ  ریاست کی رٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔نگران وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کیچ  کو ہدایت کی کہ واقعہ کے متاثرین کو معاوضے کی فوری ادائیگی کے لئے ضروری کارروائی جلد مکمل کی جائے۔

قبل ازیں نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی پیر کو ایک روزہ دورے پر تربت پہنچے ، تربت ائیرپورٹ پر کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی ، ڈی آئی جی مسرور عالم، ڈپٹی کمشنر کیچ محمد حسین بلوچ اور دیگر حکام نے نگران وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا ۔