نگران صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت اجلاس، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کا جائزہ

17

 

لاہور،23 اکتوبر ( اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز راجہ منصور احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری اور وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر نے شرکت کی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔اجلاس میں پرنسپل صاحبان کو مزید با اختیار بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

سپیشل سیکرٹری آپریشنز راجہ منصور احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو اس حوالہ سے بریفننگ دی۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے پرنسپل صاحبان کو مزید امپاور کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کا بہتر علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنسپل صاحبان کو مزید با اختیار بنا کر سرکاری ہسپتالوں کے حالات میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ اس حوالہ سے ضروری فیصلوں پر کابینہ کی منظوری بھی لی جا سکتی ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو اس حوالہ سے پرپوزل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں اس حوالہ سے تمام وائس چانسلرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔