لاہور،23اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا اچانک دورہ کیا،مرد اور خواتین قیدیوں کی بیرکس میں گئے اور ان سے مسائل دریافت کئے۔ وزیراعلی نے بیرک نمبر 9میں جاری محفل میلاد ﷺمیں شرکت کی اور قیدیوں کے ساتھ مل کر دعا کی۔ انہوں نے قیدیوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنے سٹاف کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔
وزیراعلی محسن نقوی نے قیدیوں کی درخواست پر آنکھوں کا فری آپریشن کرانے کا حکم دیا اورقیدیوں کے علاج معالجہ کے لئے جیل میں خصوصی میڈیکل کیمپ لگانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سی سی پی او لاہو رکو ذاتی طورپر کیسز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے گجرات کے رہائشی ایک قیدی کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گجرات جیل میں منتقل کرنے کا حکم دیا، بزرگ قیدی خواتین اپنے کیس بتاتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، وزیراعلی نے بزرگ قیدی خواتین کو دلاسہ دیا اور کیسز میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کیس کاجائزہ لیں گے اور آپ کے ساتھ انصاف ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اورایس ایس پی انوسٹی گیشن جیل کا دورہ کر کے خواتین قیدیوں کے مسائل سن کر انہیں حل کریں گی، سزائیں پوری کرنے والے قیدیوں کو رہا کرانے کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے جیل ہسپتال میں مختلف امراض میں مبتلا قیدیوں کو بہترین علاج معالجہ اور ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور جیل کے ا حاطے میں کھڑی ایمبولینسز کا بھی معائنہ کیا۔