نوشہرہ ورکاں، 24اکتوبر(اے پی پی): ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ کی سرپرستی میں تھیلیسمیا کے مریض بچوں کے لئے تتلے عالی میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ سماجی راہنماؤں، مدارس اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلباء، مقامی پولیس ا ور شہریوں کے تعاون سے جامعہ فاطمہ الزہرہ السلفیہ للبنات تتلے عالی میں منعقدہ کیمپ میں خون کے عطیات اکٹھے کئے گئے۔ 250 بلڈ بیگ عطیہ ہوئے جن میں 70بیگ طالبات کے شامل ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے کہا کہ خون کے عطیات کی فراہمی سندس فاؤنڈیشن کے زیر علاج تھیلسیمیا کے مریض بچوں کو نئی زندگی بخشتی ہے اور اس عظیم نیک کام میں تعاون کرنے والے سماجی مذہبی راہنماؤں، طلباء، پولیس افسران اور شہریوں کا جذبہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام شعبوں کے افراد کو انسانی خدمت کے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ ان مریض بچوں کی زندگی کا چراغ روشن رکھا جاسکے۔
کیمپ میں ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ کے علاوہ چیئرمین سندس فاؤنڈیشن حاجی سرفراز احمد، ایس ایچ او تتلے عالی ریاض گوندل، سید اظہرحسین شاہ،سید مصطفیٰ جعفر، عمران صدیقی، ممبر امن کمیٹی محمد یوسف کھو کھر، مدارس اور سکول و کالج کے طلباء، پولیس افسران اور دیگر شہری بھی موجود تھے۔