العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل نہیں کی،کیس عدالت کو ریفر کیا ہے؛نگران وزیراعلی محسن نقوی

16

 

لاہور،24اکتوبر  (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل نہیں کی،کیس عدالت کو ریفر کیا ہے،بزدار دور میں نواز شریف کی درخواست کو سنے بغیر مسترد کر دیا گیا تھا،اب فیصلہ عدالت نے کرنا ہے کہ ضمانت ہوگی کہ نہیں،شق 401  کے تحت کیس کورٹ ریفر کیا گیا۔ایسی بہت سی درخواستیں آرہی ہیں ان پر بھی فیصلے ملیں گے۔

منگل کو یہاں جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات جلدی ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن بہتر فیصلہ کر سکتا ہے،الیکشن جلد ہوتے دیکھ رہے ہیں،شفاف انتخابات الیکشن کمیشن  نے کرانے ہیں،ہمیں جو ڈیوٹی دیں گے،اسے پورا کریں گے۔

قبل ازیں  وزیراعلی محسن نقوی نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی  نے نئے تعمیر ہونے والے ٹراما سنٹرکی جگہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنانے کا اعلان کیا۔ٹراماسنٹر کو جناح ہسپتال میں شفٹ کیاجائے گا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کارڈیالوجی ہسپتال کا ڈیزائن اورجامع پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلی  نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں،سینئر صحافی اعظم ملک اور زخمی پولیو ورکر کی عیادت کی اورخیریت دریافت کی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ہسپتال میں طبی سہولتو ں کاجائزہ لیا۔وزیر اعلی  نے فری کڈنی ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت ٹرانسپلانٹ کرانے والے مریضوں عصمت اللہ اورشاہدہ سے بھی ملاقات کی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ  14 کروڑ  لوگوں کے لئے سرکاری سیکٹر میں کینسر کا کوئی اچھا ہسپتال نہیں،نجی شعبے میں کینسر کے ہسپتال اچھے ہیں،مگر اپنے لوگوں کو دھکے کھانے نہیں بھیج سکتے۔مناواں میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بنا رہے ہیں۔تین ماہ میں مناواں ہسپتال کوکینسر ہسپتال کے طور پر مکمل طور پر فنکشنل کردیا جائے گا۔عدالت کے حکم کے مطابق ڈاکٹر ہڑتال نہیں کرسکتے،جنہیں ہڑتال پر جانا ہے میں ان سے بات کرنے کے لئے تیار نہیں۔پنجاب کے ہسپتالوں میں جلد مستقل ایم ایس لگ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کا ایشو ہے، 70 فیصد ادویات مل رہی ہیں، 30 فیصد نہیں،ادویات کا بجٹ وہی ہے قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔جناح ہسپتال میں کام سست روی کا شکار ہے،تمام بڑے ہسپتالوں میں کام جاری ہے۔جناح ہسپتال کے سامنے عمارت میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا یاجائے گا۔پی آئی سی کی طرح جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک بڑا ادارہ ثابت ہوگا۔

وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں صرف امراض قلب کا علاج ہوگا۔کمیٹی بنا دی ہے جوڈیزائن اور دیگر معاملات طے کرے گی۔جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فنکشنل ہونے سے پی آئی سی پر مریضوں کی تعداد کا دبائو کم ہوگا۔جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا دوسرا بڑا کارڈیالوجی ہسپتال بنے گا۔جناح ا نسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی مکمل ہونے میں وقت ضرور لگے گا لیکن یہ بہت بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ ٹراما سنٹر جناح ہسپتال میں منتقل کررہے ہیں،ٹراما سنٹر سٹیٹ آف دی آرٹ بنائیں گے۔ہفتے کے دن جناح ہسپتال کے بورڈ کا اجلاس ہوگا جس میں ہسپتال کے امور کے بارے میں بڑے فیصلے ہونگے۔

وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پرمفت ٹرانسپلانٹ پروگرام کا آغاز جناح ہسپتال سے کیا گیا ہے۔وزیر اعلی  نے مریضوں سے علاج کے اخراجات کے بارے میں دریافت کیا۔مریضوں نے وزیراعلی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ٹرانسپلانٹ پر ہمارا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

وزیراعلی کی زیر صدارت جناح ہسپتال میں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا،جس میں ٹراما سنٹر کی جگہ دل کا ہسپتال بنانے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلی نے دل کا ہسپتال بنانے سے متعلقہ امور فوری طو ر پر طے کرنے کی ہدایت کی۔جناح ہسپتال کے بورڈ کا اجلاس28  اکتوبر کوطلب کرلیا ہے۔وزیراعلی  نے پروفیسر ڈاکٹر فرقد عالمگیر کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

صوبائی وزرا  ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،سیکرٹریز صحت،تعمیرات ومواصلات،سپیشل سیکرٹری صحت،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج،ایم ایس جناح ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔