پشاور، 25اکتوبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے ناغے کے روز گوشت فروخت کرنے پر 12 قصابوں اور ھوٹل مالکان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔نگراں صوبائی وزیر خوراک اور سیکرٹری محکمہ خوراک کی نگرانی میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے آج بروز بدھ ناغے پر گوشت کی فروخت بارے شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے آج بروز بدھ تاج آباد، شیر پاؤ ہسپتال, جی ٹی روڈ، شعبہ بازار اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے جہاں پر ناغے کے روز گوشت کی فروخت کی جا رہی تھی۔اس بات پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید 12 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے منگل اور بدھ کے روز گوشت کی فروخت پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔











