سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لاہور میں ون ونڈو بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بنایاجا رہا ہے؛صوبائی وزیر ایس ایم تنویر

38

لاہور،25اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لاہور میں ون ونڈو بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر بنایا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب ماہ نومبر میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو یہاں ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران لاہور میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے قیام پر پیش ر فت کا جائزہ لیا ۔صوبائی وزیر ایس ایم تنویرنے کہاکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیاگیاہے۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ یہ سنٹر ایوان ہائے صنعت و تجارت اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنایا جا رہا ہے۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کام کرے گا۔سنٹر پرکاروبار شروع کرنے اور نئے کارخانے لگانے کیلئے این او سی کے اجرا اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات راشد کمال، محکمہ ہائوسنگ، ایل ڈی اے، پی آئی ٹی بی، پیڈمک، فیڈمک، پیسک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔