اسلام آباد،27اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر ظلم کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے، جبر بڑھنے کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ اور جذبہ بڑھ رہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت اس جذبے کو ختم نہیں کر سکتی۔ آزادی کی تحریک کو روکا نہیں جا سکتا ،اگر دنیا میں انصاف نہیں ہوگا تو امن نہیں ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر کی عوام پر ظلم کی تاریخ 177 سال پرانی ہے جب 1876ءمیں انگریز سامراج نے یہ خطہ 75 لاکھ روپے کے عوض ڈوگرا راجہ گلاب سنگھ کو فروخت کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج سے 76 سال قبل بھارت نے کشمیر پر جبری قبضہ کیا، یہ جبر اور ظلم اس وقت سے جاری ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر پر جبری قبضہ کر کے بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی کی بلکہ اپنے آئین اور قانون سے بھی روگردانی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ دنیا میں انسانی حقوق کی بات کرنے والوں کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جمو ں و کشمیر میں ظلم نظر نہیں آتا۔
قبل ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ ریلی وزارت خارجہ سے شروع ہوئی اور ڈی چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد نے بھی شرکت کی۔