چنیوٹ،27 اکتوبر( اے پی پی ): چنیوٹ میں بھی یوم سیاہ کشمیر کے سلسلہ میں ریلی نکالی گئی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا ، ریلی کے شرکاءنے کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی اور کشمیریوں کی آزادی اور خود مختاری کا مطالبہ کیا ہے ۔
چنیوٹ کی عوام کو بھی کشمیریوں پر بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہیں، کشمیر کا مسئلہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں کشمیریوں کے حق میں نکالی گئی ،ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،سی ای او ایجوکیشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کے علاوہ طلبہ، ، وکلاءاورسول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
واک کے اختتام پر شرکاءنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا امن بر قرار رکھنے کے لئے عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیریوں کا جائز حق تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالے تا کہ کشمیری اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اور بربریت کو 76 سال ہوگئے ہیں،ہر سال مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج حقِ خود ارادیت کا مطالبہ کرنے والے پرامن مظاہروں کو کچلنے کے لیے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں کشمیریوں کو شہید کر دیتی ہے،نہتے نوجوانوں کو دہشت گردقرار دے کر انہیں شہید کر دیا جاتاہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی اخلاقی‘ سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے جو اس کا بنیادی فرض بھی ہے، آج کے دن کا مقصد دنیا کو پیغام دینا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔











