جامشورو ،27 اکتوبر (اے پی پی): ملک بھر کی طرح جامشورو میں بھی27 اکتوبر کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ دن منایا گیا، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ جامشورو کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کوٹری گل فیصل الاہی کی سربراہی میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوٹری سے ڈسٹرکٹ پریس کلب تک ایک پر جوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرزاٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے، کشمیر جل رہا ہے، سمیت کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے درج تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کوٹری گل فیصل الاہی نے کہا کہ آج 27 اکتوبر کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیریوں بہائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی بھی اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست جموں و کشمیر تاریخی، جغرافیائی اور ثقافتی طور پر پاکستان کا حصہ ہے، کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے، کشمیر ہر پاکستانی قوم کے خون میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مودی حکومت کا غیر قانونی اقدام عالمی برادری کے لیے چیلنج ہے اور پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت یہ بات سن لے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا بھارت کشمیری اور عالمی برادری سے کئے ہوئے وعدے کو پورا کرے۔
ریلی میں مختیار کار کوٹری وقار علی سومرو ، اسسٹنٹ مختیار کار فیروز مصطفی برفت، ہیڈ ماسٹر نیاز حسین ڈاوچ، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر کوٹری آصف علی میمن، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر محمد قاسم قریشی ، ضلعی صدر گسٹا الطاف ڈاوچ ، سکندر علی کھوسو ، سید جڑیل شاھ لکیاری سمیت مختلف محکموں کے عملداران اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











