غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان  میں ”عوامی صحت اور صفائی ”کے موضوع پر آگاہی پروگرام

42

ڈیرہ غازی خان، 31 اکتوبر(اے پی پی):غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کے شعبہ سوشیالوجی کی طرف سے ”عوامی صحت اور صفائی ”کے موضوع پر آگاہی پروگرام کا انعقاد کیاگیا اور اس سلسلے میں صدر شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر محمد علی تارڑ کی زیر قیادت ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ پہلی ریلی یونیورسٹی سے شروع ہو کر ڈاٹ پل پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر اساتذہ نے طلباء و طالبات کے ہمراہ صفائی ستھرائی کے بارے  دکانداروں اور راہگیروں کو سموگ کے مضر اثرات کے بارے آگاہی دی۔

ڈاکٹر محمد علی تارڑ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنے کام کی جگہ کی صفائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا اس سے مثبت تبدیلی آئے گی اور بیماریاں کم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے پیش نظر لوگوں کو اپنی آنکھوں کا خاص طور پر خیال رکھنا چاہیے۔

دوسری ریلی شہر کے اندرونی حصہ ”ٹریفک چوک” پر منعقد ہوئی جس قیادت ڈاکٹر طاہرہ اور قرآۃ العین کر رہی تھیں۔اس موقع پر مختلف خوانچہ فروشوں اور دیگر شہریوں میں صفائی کا خاص خیال رکھنے اور صحت مند معاشرہ کی تشکیل کے  بارے معلومات دیں۔ریلی میں شریک طلباء و طالبات نے شہریوں میں ہینڈ سینیٹائزرز، فیس ماسک، ہیڈ ماسک اورپلاسٹک کے دستانے بھی تقسیم کیے۔