تھرپارکر،31اکتوبر(اے پی پی ): تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے تھر کول بلاک 2 میں ولیج الیکٹریفکیشن پراجیکٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیاگیا ہے ۔ منصوبے کا افتتاح سی ای او سندھ اینگرو کول مائيننگ کمپنی عامر اقبال نے کیا، اس موقع پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے ڈائریکٹر سائٹ محمد اظہر ملک، جی ایم تھر فاؤنڈیشن فرحان انصاری، ای پی ٹی ایل کے جنرل منیجر فضل تھیبو اور حبکو کے جنرل منیجر طارق فرید نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی اور تھر فاؤنڈیشن کے سی ای او عامر اقبال نے انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے بلاک ٹو کو روشن کرنے کے لیے سولر پینل کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے بلاک ٹو کے 1035 گھرانوں کو مفت بجلی ملے گی، یہ منصوبہ آئندہ دو ماہ میں مکمل ہو جائے گا،بجلی کی موجودگی سے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی آسان ہو جائے گی، لوگ کاروبار کر سکیں گے، اور بچے تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
عامر اقبال نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے دی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت سے تربیت یافتہ نوجوان اس پراجیکٹ پر کام کریں گے، جو منصوبی کے قیام اور دیکھ بھال میں معاون ثابت ہوں گے اور اپنی آمدنی میں بھی اضافہ کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کے تھر کول بلاک ٹو منصوبے کے ذریعے ملک کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جس سے پورے ملک میں تیس لاکھ گھرانوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے ڈائریکٹر سائٹ محمد اظہر ملک نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن بہت اچھا کام کر رہی ہے، تھر بلاک ٹو میں سولر سسٹم کا منصوبہ شروع کرنا ایک بہت بڑا قدم ہے، یہ تھر کول بلاک ٹو کے دیہاتوں میں روشنی کی کرن ہے۔ جس سے تبدیلی کی شروعات ہوگی، تھر فاؤنڈیشن کی جانب سے کاروبار اور روزگار کے لیے گرانٹ دینا ایک بہترین عمل ہے جو لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق لا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حبکو کے جنرل منیجر طارق فرید نے کہا کہ سولر سسٹم کے ذریعے مفت بجلی دستیاب ہو گی جو لوگوں کے لیے واپڈا کنکشن سے زیادہ فائدہ مند ہو گی۔
اس سے قبل تھر فاؤنڈیشن کے جنرل مینجر فرحان انصاری نے کہا کہ تھر فاؤنڈیشن ہمیشہ مقامی لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی کے لیے کوشاں ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
تقریب کے دوران تھر فاؤنڈیشن کے فقیر اعجاز نے ولیج الیکٹریفکیشن پراجیکٹ اور ولیج امپروومنٹ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب کے دوران 40 معذور افراد، بیواؤں اور غریب خاندانوں میں گرانٹ کے چیک بھی تقسیم کیے گئےجبکہ تھر فاؤنڈیشن کے تعاون سے تھر فوٹو واک کا بھی افتتاح کیا گیا۔
اسی موقع پر ایس ای سی ایم سی کے ڈپٹی مینیجرز جنید انصاری، نریندر سوٹھڑ ،راجا توقیر، عرفان جونیجو، جبکہ تھر فاؤنڈیشن کے مبشر سومرو، الہودایو حاجانو، فقیر اعجاز، فیاض شیخ، رتیش شرما، سونیا چاچڑ اور مہوش دھاڑیوال کے علاوہ مقامی دیہاتیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔