صحافی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ڈی پی او سرگودھا محمد فیصل کامران

31

سرگودھا،01 نومبر (اے پی پی):صحافی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کیونکہ وہ مشکل ماحول میں بھی ہمارے لیے سچی اور مستند خبریں لاتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد فیصل کامران نے صحافیوں کے عالمی دن کے سلسلے میں اے پی پی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف جرائم سے استثنیٰ ختم کیا جائے۔انہو ں نے کہا کہ صحافی اپنی مثبت رپورٹنگ کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ریاست کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں، تمام ریاستی اداروں کے ساتھ ہمیشہ قریب رہتے ہوئے مثبت چیز کو اجاگر کرتے ہیں اور منفی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

فیصل کامران نے کہا کہ پولیس سمیت ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح ہے کہ صحافیوں کی ہموار سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ وہ اپنے قلم کے ذریعے گھناؤنے جرائم کی نشاندہی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور کہا  کہ سرگودھا پولیس صحافیوں کو مناسب سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ان کے ساتھ منفرد ہم آہنگی ہے۔انہوں نے مزید  کہا کہ اے پی پی سرکاری میڈیا ہے اور مثبت رپورٹنگ پر یقین رکھتا ہے۔