اوکاڑہ،02نومبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی ملکی معیشت کی ضمانت ہے ایگر یکلچر سیکٹر کو ترقی یافتہ بنائے بغیر غذائی خود کفالت کی منزل نہیں حاصل کی جا سکتی ہمیں کسانوں کو جدید طریقہ کاشتکاری پر نہ صرف راغب کرنا ہے بلکہ ان کی مدد اور رہنمائی بھی کرنا ہے جدید زراعت کسانوں کو خوشحال بنانے ملکی معیشت کی بہتری اور زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول کے لئے ضروری ہے محکمہ زراعت کسانوں کی رہنمائی کے لئے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہے وہیں پر پنجاب حکومت کسانوں کو بہترین بیج ،کھاد اور سبسڈی پر زرعی آلات اور مشینری فراہم کرنے کے لئے خطیر رقم خرچ کر رہی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ترقی کے ثمرات کو دیہات تک پہنچانے کے لئے خود میدان عمل میں ہیں اور مشکل حالات کے باوجود کاشتکاروں کے لئے وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ محکمہ زراعت کاشتکاروں کی رہنمائی اور بہترین پیداوار کے حصول میں اپنا کردار ادا کرے،کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کو کم کرنے اور زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول میں ان کی رہنمائی کریں۔
اس موقع پر پاکستان کسان بورڈ،کسان اتحاد کے نمائندوں نے کیمیائی کھادوں کی دستیابی،زرعی ادویات و بیجوں اور بجلی کے بلوں سے متعلق اپنے تحفظات پیش کئے جس پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ہدائیت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو پنجاب حکومت کی جانب سے مقررہ کردہ نرخوں پر کیمیائی کھادوں ،زرعی ادویات اور بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا محکمہ زراعت کے افسران فیلڈ میں نکلیں اور کیمیائی کھادوں،زرعی ادویات و بیجوں پر گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر،اسسٹنٹ کمشنر چوہدری غلام مصطفیٰ جٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعجاز، کسان اتحاد کے نمائندوں ،پاکستان کسان بورڈ کے نمائندوں غلام مصطفیٰ وٹو ، عرفان بھنڈاری ،میاں خالدپرویز ،چوہدری محمد یاسین ،حاجی صابر مغل ،رانا تنویر اختر،ملک سلطان ،میاں عبد الطیف سکھیرا،عدنان بشیر،پیسٹی سائیڈ ڈیلرز،کھاد ڈیلرز سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔