ملتان، 02 نومبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سستی اشیاء خوردونوش کی فراہمی کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ضلع بھر میں بڑے مافیاز پر ہاتھ ڈالنے کا ٹاسک دیا ہے تاکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کا احتساب کیا جاسکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی الصبح سبزی منڈی میں اشیاء خوردونوش کی نیلامی کے عمل کی انسپکشن کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اشیاء خوردونوش کی بولی اور مارکیٹ میں سپلائی کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں رضوان قدیر نے شہر کے مختلف کریانہ دوکانوں اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سبزی و غلہ منڈیوں سے کمیشن مافیا اور مڈل مین کا کردار ختم کردیا۔
رضوان قدیر نے بتایا کہ منڈیوں سے مارکیٹ تک سستی سپلائی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ٹاسک دیا ہے،تمام بڑے سٹورز میں سستے ڈی سی کاؤنٹر قائم کردیے گئے ہیں۔