لاہور، 02 نومبر( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تمام انسان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، فلسطین میں جو ظلم ہو رہا ہے دنیا اس سے لاتعلق نہیں رہ سکتی۔ غزہ میں جس طرح نہتے مردوں، عورتوں اور معصوم بچوں کو پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں اور شہری آبادی پر بمباری کر کے شہید کیا جا رہا ہے وہ افسوسناک ہی نہیں بلکہ شرمناک ہے۔ بین الاقوامی برادری کو نہتے فلسطینیوں پر ظلم روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج مقامی یونیورسٹی لاہور میں ہیلتھ پروفیشنلز ایجوکیشن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرزاورغیر ملکی مندوبین موجود تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ طب کے شعبے میں نئی ٹیکنالوجی اور جدید رحجانات سے آگاہی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت یونیورسٹیوں میں جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں انہیں بہترین ڈاکٹرز بنانے کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بنانے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز تمام دنیا میں اپنی خدمات دے رہے ہیں جو بڑے فخر کی بات ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت کے شعبے کے حوالے سے منعقدہ یہ کانفرنس نہ صرف یونیورسٹی آف لاہور بلکہ پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے متحرک اور ترقی پذیر شعبے میں معلومات کو سنجیدگی سے سمجھنا صرف ایک مہارت ہی نہیں بلکہ ضرورت بھی ہے۔ یہی وہ چیز ہے جو قابل اعتماد اور ہمدرد ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لئے بنیاد فراہم کرتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاق و سباق کی صلاحیت رکھنے ولا ہیلتھ کیئر پروفیشنلز مریض کی زندگی کے مخصوص حالات جیسا کہ سماجی،ثقافتی،معاشی اور نفسیاتی عوامل جو کسی فرد کی صحت اور بہبود کو تشکیل دیتے ہیں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے علم کو استعمال میں لا سکتا ہے۔
گورنر پنجاب نے اس موقع پر تمام صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے قومی اور بین الاقوامی شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی اور طبی تعلیم کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ملایا ہے۔کانفرنس سے بین الاقوامی اور قومی مندوبین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر صدر ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن، رکارڈو بورکویز (Ricardo Leon Borquez )، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ،ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج ، پروفیسر ڈاکٹر سردار ظفر الفرید، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت، چیئرمین پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج، ڈاکٹر زاہد پرویز، پروفیسر مہوش عروج، چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور یونیورسٹی اویس روف اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔