اسلام آباد،2نومبر (اے پی پی): پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس، Devcom پاکستان، اسلام آباد فارن ویمن ایسوسی ایشن، اور COPAIR کے زیر اہتمام ثقافتی سفارت کاری کی تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے ڈی جی پی این سی اے ایوب جمالی اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں کے ساتھ نمائش کا افتتاح کیا۔
تقریب میں جڑواں شہروں کے مختلف فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش بھی شامل تھی۔ یہ پینٹنگز مارگلہ ہلز کی تھیں جن میں مریم رسول، ایم عدنان حفیظ، صائمہ اشفاق، رفعت آرا بیگ، رمشا ملک، سندس اظہر، بینش علی اور مریم مشتاق کے فن پارے رکھے گئے۔ طالبات نے بھی گرینڈ ہال گیلری میں اپنے کام کی نمائش کی۔
تقریب میں فنکاروں، طلباء، سرکاری افسران، سمیت سامعین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے کھانے اور دستکاری کے اسٹالز لگائے گئے تھے۔ مزید یہ کہ پی این سی اے کے آڈیٹوریم میں امن وترقی کے موضوع پر ایک کانفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا، مہمان خصوصی جمال شاہ وزیر این ایچ اینڈ سی ڈی تھے۔
مہمان مقررین میں کلچرل انٹیلی جنس کنسلٹنٹ ڈینیلا ڈریجلیس، پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا، سیکرٹری یوتھ اینڈ کلچر اے جے کے گورنمنٹ آمنہ منور ملک، صدر COPAIR پبلک ڈپلومیسی ایکسپرٹ شامل ہیں۔ کانفرنس کی نظامت منیر احمد، جیو پولیٹیکل تجزیہ کار، ED- Devcom پاکستان نے کی۔
کانفرنس کے بعد معروف ستار ساز امیر حسین کی موسیقی کی پرفارمنس اور نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ PNCA کی ثقافتی پرفارمنس پیش کی گئی۔ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن نیٹ ورک (DEVCOM-Pakistan) پاکستان کا سب سے بڑا کمیونیکیشن سیکٹر کنسلٹنگ اور تھنک ٹینک ہے جو رجسٹرڈ ہے۔ 2003 میں ترقی کے مواصلاتی ماہرین اور میڈیا کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعہ قائم کیا گیا۔