ڈیرہ غازی خان، 03 نومبر(اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بے دخلی کےلئے سرچ آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنرز ،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو تلاش کیا جائے گا اور غیر ملکیوں کو پناہ،املاک کرایہ پر دینے اور معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شناخت اور شہریت کے کوائف کی جانچ پڑتال کےلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی اور شناخت مستند ڈیٹا کے ذریعے کرنے کیلئے میکانزم تیار کیا گیا ہے۔کمشنر نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران تحویل میں لئے گئے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو عزت و تکریم کے ساتھ ہولڈنگ ایریاز میں منتقل کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ عارضی رہائش گاہ کو مہمان خانہ کا درجہ دیا جائے گا اور غیر ملکیوں کو اپنے وطن کے حوالے کرنے تک مہمان خانوں میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لئے کارروائی تیز کی جائے۔