بہاولنگر،3 نومبر ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا اور کسی کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں گنے کے کرشنگ سیزن کے ضمن میں انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے اجلاس میں مزید کہا کہ گنے کی غیرقانونی خریداری اور مڈل مین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،شوگرملز کی جانب سے رقم اور وزن کی کٹوتی اور شوگرملز کی جانب سے بروقت سی پی آرز نہ دینے پر بھی کارروائی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں بذریعہ بینک اکاونٹ یقینی بنائی جائیں گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو غیر قانونی کنڈہ جات کے خاتمے اور ٹریفک پولیس کو گنے کے سیزن میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور حادثات سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پلان پر مکمل عمل درآمد کی بھی ہدایت جاری کی۔