اسلام آباد،5نومبر (اے پی پی):صوبہ سندھ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے پو لنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ شام 5 بجے ختم ہو جائے گی۔ 5 بجے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے احاطہ میں صرف پہلے سے موجود ووٹر ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ میڈیا شام 6 بجے تک کوئی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نشر نہ کرے ۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا شام 6 بجے سے پہلے کسی پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج نشر نہیں کر سکتا۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دوران اور پولنگ کے بعد تمام سیکورٹی اداروں اور انتظامیہ کو مستعد رہنے اورتمام پولنگ عملے اور پولنگ مٹیریل کو بحفاظت ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جانے کی سختی سے ہدایت کی ہے ۔
آئی جی پی سندھ اور صوبائی الیکشن کمیشنر سندھ نے کراچی کے پولنگ اسٹیشنز کے دورے کئے ، تمام پولنگ اسٹیشنز پر امن طور پر پولنگ کا عمل جاری رہا ، کراچی سمیت سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی کے لئے پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔