جیکب آباد، 06 نومبر(اے پی پی):جیکب آباد میں سندھ کے دیگر اضلاع سے بھیجے گئے غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔سندھ پولیس کی سخت سیکیورٹی میں 149 غیر ملکیوں کا قافلہ کراچی سے جیکب آباد پہنچا،ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ ہولڈنگ پوائنٹ پر 149 غیر ملکیوں کو خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،ہولڈنگ پوائنٹ پر نادرا عملہ کی جانب سے غیر ملکیوں کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے جس کے بعد بلوچستان سے کلیئرنس ملنے کے بعد قافلے کو سخت سیکیورٹی میں ان کے وطن روانہ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد دادلو زہرانی نے ہولڈنگ پوائنٹ پر پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا اور غیر ملکیوں سے ملاقات کی اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا،ڈپٹی کمشنر جیکب آباد دادلو خان زہرانی نے ہولڈنگ پوائنٹ کا دورہ کیا اور بچوں میں ٹافیاں اور دیگر اشیاء تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نے فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی،دوسری جانب قافلے میں آنے والے غیر ملکیوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے انہیں بہترین تعاون فراہم کیا ہے، انہیں خوراک اور طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔