تھر پارکر؛ ریڈ فاونڈیشن کی کمیونٹی بیسڈ ایکسلریٹڈ لرننگ سکولز پراجیکٹ کے ضمن میں ورکشاپ کا انعقاد

12

 

تھر پارکر ،6 نومبر( اے پی پی ): ریڈ فاونڈیشن تھرپارکر کی جانب سے کمیونٹی بیسڈ ایکسلریٹڈ لرننگ سکولز پراجیکٹ کے ضمن میں ایک روزہ سٹیک ہولڈرز الائنس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد تھرپارکر میں تعلیم پر کام کرنے والے اداروں سے مل کر یہاں کی بچیوں کے لیے بہتر غیر رسمی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور تعلیم کی حصول کو آسان اور یقینی بنانا ہے۔

 پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر لٹریسی اور نان فارمل ایجوکیشن سندھ افتاب احمد شیخ نے کہا کہ تھرپارکر کی تاریخ میں یہ پہلا پروجیکٹ ہے جو صرف بچیوں کو نان فارمل ایجوکیشن فراہم کر رہا ہے اور ہم اس ادارے کے شکر گزار ہیں جو اس قسم کا پروجیکٹ تھرپارکر کی بچیوں کے لیے لیکر آئے ہیں۔

ہم ان کے ساتھ ملکر تھرپارکر کی بچیوں کو اچھی سے اچھی تعلیم بھی دیں گے اور ان کے اساتذہ کو ٹریننگ بھی فراہم کریں گے تاکہ اپنی سہولت کے مطابق بچیاں مخصوص اوقات کار میں تعلیم حاصل کر سکیں۔

 اس موقع پر مذکورہ پروگرام کی پروجیکٹ منیجر تانیہ اعتزاز نے بتایا کہ ریڈ فاونڈیشن ، لٹریسی اور نان فارمل ایجوکیشن سندھ اور جائیکا پاکستان کے ساتھ مل کر تھرپارکر کی تین تحصیلوں مٹھی، اسلام کوٹ اور ڈیپلو میں 45 نان فارمل اسکولوں میں بچیوں کو مفت اور معیاری تعلیم مہیا کرنے جا رہے ہیں، 09 سال سے 16 سال تک کی وہ بچیاں جو کس بھی وجہ سے اپنی تعلیم حاصل نہیں کر پائیں اور اب انکی عمر اسکولوں میں داخل ہونے کی نہیں ہے ،ہم ان بچیوں کو اپنے سکولوں میں داخلہ دے کر صرف اڑھائی سالوں میں پرائمری کی تعلیم اور سرٹیفکیٹس بھی فراہم کریں گے۔

اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے تعاون کی یقین دہائی کرائی اور تعلیم کے حصول کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر ضلع تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی کامیاب خواتین ضلع نائب ناظم کمالہ کماری، پشپا کماری ، پٹھانی کمبار اور آسو بائی نے بچیوں کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ماضی کے سفر پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم تھرپارکر اور تعلیم پر کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عورتوں اور بچیوں نے شرکت کی۔