پشاور،7نومبر(اے پی پی): الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ پاکستان سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے دوران ملک کے سب سے بڑے فلاحی ادارے الخدمت فاونڈیشن کے تحت بھرپور امدادی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں۔
الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے ترجمان نورالواحد جدون کے مطابق الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص کی ہدایت پر گزشتہ ایک ہفتہ سے پاک افغان سرحد طورخم لنڈی کوتل میں قاٸم حکومتی رجسٹریشن کیمپ میں الخدمت فاونڈیشن نے موباٸیل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔موباٸیل یونٹ میں طبی معاٸنہ کے علاوہ مفت لیبارٹری ٹیسٹ اورادویات کی فراہمی کاسلسلہ بھی گزشتہ سات دنوں سے تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
کیمپ میں الخدمت فاونڈیشن ضلع خیبر کے ضلعی صدر بخت جمال آفریدی ،لنڈی کوتل کے سرپرست حاجی مقتدر آفریدی اور مراد حسین شینواری کی نگرانی میں الخدمت فاونڈیشن کے سینکڑوں رضاکار روزانہ کی بنیاد پر وطن واپس جانے والے ہزاروں افغان مہاجرین کو ناشتہ اور دو وقت کا پکا پکایا کھانا فراہم کررہے ہیں۔
الخدمت فاونڈیشن نے لنڈی کوتل میں معروف پشتو شاعر حمزہ بابا رح کے مزار سے متصل بڑے میدان میں حکومت پاکستان کے قاٸم کردہ مرکزی استقالیہ کیمپ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لٸے جگہ جگہ ٹینکیاں نصب کی ہیں جبکہ واٹر ٹینک کے زریعے کیمپ کو پانی سپلاٸی کا سلسلہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے اس کے علاوہ ملک بھر سے وطن واپس جانے والے افغان خاندانوں کو نوشہرہ اور کچہ گڑھی پشاور میں قاٸم حکومتی استقبالیہ کیمپوں میں بھی الخدمت کے رضاکار مہاجرین کو ریلیف کی فراہمی کے لٸے کوشاں ہیں۔
اسلام آباد میں تعینات امارت اسلامیہ افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے گزشتہ روز لنڈی کوتل میں حکومت پاکستان کے قاٸم مرکزی استقبالیہ اور رجسٹریشن کیمپ کے دورہ کے موقع پر الخدمت فاونڈیشن کے موباٸیل ہیلتھ یونٹ کا معاٸنہ کیا اور بےسروسامانی کی حالت میں وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور الخدمت فاونڈیشن کی پاکستان کی گرانقدر امدادی سرگرمیوں پر الخدمت کے منتظمین کاشکریہ ادا کیا۔
نوشہرہ سے پشاور اور پشاور سے لنڈی کوتل تک جگہ جگہ الخدمت کے رضاکار مقامی مخیر شخصیات کے تعاون سے ٹرکوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کے زریعے وطن واپس جانے والے گھرانوں کو لنچ بکس، پانی، جوس، بسکٹ اور دیگر غذائی اشیاء فراہم کررہے ہیں۔
الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا کے شعبہ ڈیزاسٹر کے سینٸر منیجر محمد وسیم کے مطابق الخدمت کے تحت انگوراڈا کے راستے جانے والے افغان خاندانوں کے ساتھ بھی تعاون کا سلسلہ اسی طرح جاری ہے اور آج سے ادویات ،طبی اور لیبارٹری سہولیات سے آراستہ دوسرا موباٸیل ہیلتھ یونٹ بھی افغانستان واپس جانے والے مہاجرین کو طبی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کردے گا۔