ساہیوال ،7 نومبر( اے پی پی ): ڈائریکٹر زراعت ساہیوال ڈویژن چوہدری شہباز اختر نے کہا ہے کہ زمیندار جدید طریقہ کاشت اپنا کر گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرسکتے ہیں،کسان حکومت کے منظور شدہ بیج کی کاشت کو یقینی بنائیں اور 20نومبر تک گندم کی بجائی کرلیں تاکہ گند م کی فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنے دفتر میں گندم آگاو مہم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کسانوں کو گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے بارے رہنمائی فراہم کی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ذوالفقار علی غوری،زرعی یونیورسٹی کے پروفیسرز محمد دلدار گوگی،ڈاکٹر عاشر،ڈاکٹر عمرفاروق،ڈاکٹر ثنا عارف کے علاوہ کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر محمد دلدار گوگی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت اور یونیورسٹی کی مشترکہ کاوشوں سے زمینداروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی جس سے گندم کی فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ذوالفقار علی غوری نے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی زیادہ پیداوار کے حصول کے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ بے حد ضروری ہے اور ان کو بروقت کنٹرول سے ہی زیادہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔سیمینار کے اختتام پر روڈ شوز اور ریلیز کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سول سوسائٹی،کسانوں اور طلبہ نے شرکت کی ۔شرکاء نے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جس پر زیادہ گندم اگاوملک کو خوشحال بناوکے نعرے درج تھے ۔